بین الاقوامی ہوائی اڈے پر راکٹوں سے حملہ

بغداد(ویب ڈیسک)عراق کے دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تین کتوشا راکٹ فائر کیے گئے تاہم ان سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ہفتہ کو عراق کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے میڈیا آفس نے ایک بیان میں بتایا کہ حملہ جمعہ کی رات کیا گیا تاہم
راکٹ ہوائی اڈے سے باہر گرے۔بیان کے مطابق ایک راکٹ قریبی ضلع الجہاد کے نواحی علاقے میں گرا جس سے ایک عمارت کو نقصان پہنچا۔ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم ملک بھر میں ایسے عراقی فوجی اڈے جہاں امریکی فوجی تعینات ہیں اور گرین زون میں واقع امریکی سفارتخانہ کو اکثر مارٹر اور راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا جاتا رہاہے۔