تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں نافذ شرعی قوانین کے تحت کسی قاتل کو جب سزائے موت دی جاتی ہے تو اسے پھندے پر سرکاری اہلکاروں کی بجائے مقتول کا کوئی رشتہ دار لٹکاتا ہے۔ اسی قانون کے تحت گزشتہ روز ایک بیٹی کو اپنے ہاتھوں سے اپنی ماں کو موت کے گھاٹ اتارنا پڑ گیا۔
ڈیلی سٹار کے مطابق سزائے موت پانے والی اس خاتون کا نام مریم کریمی تھا جس نے اپنے شوہر کو قتل کیا تھا۔ مریم کریمی کا ابراہیم نامی شوہر مبینہ طور پر اسے سالہا سال سے گھریلو تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔ مریم اس سے طلاق مانگتی تھی مگر وہ اس سے انکاری رہا۔ جس پر بالآخر تنگ آ کر مریم نے اسے قتل کر دیا۔ عدالت کی طرف سے شوہر کو قتل کرنے کے جرم میں اسے سزائے موت سنائی گئی تھی جس پر عملدرآمد مقتول کی وارث ہونے کی وجہ سے مریم کی بیٹی کے ہاتھوں کروایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مریم کو سزائے موت دینی ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ اس کی 19سالہ بیٹی کے ہاتھ میں تھا۔
جس نے اسے موت کی سزا دینے کا فیصلہ کیا۔ مریم کو ایک کرسی پر کھڑا کر کے گلے میں پھندہ ڈال دیا گیا اور اس کی بیٹی نے لات مار کر کرسی اس کے پیروں کے نیچے سے نکال دی۔ قتل کی اس واردات میں مریم کے ساتھ اس کا والد بھی ملوث تھا۔ اسے بھی اپنی بیٹی مریم کے ساتھ ہی پھانسی دی گئی۔ مریم کی بیٹی نے ہی اپنے ماں کے ساتھ ساتھ اپنے نانا کو بھی پھانسی دی۔