Tag Archives: shehbaz gill

افواج پاکستان نے شہباز گل کیخلاف شکایت نہیں کی،اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد(نیوزڈیسک)شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں ملزم کی درخواست ضمانت پر اسلام آبادہائیکورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے 6 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ تحریر کیا، جس میں قرار دیا گی اہے کہ شہباز گل کا بیان لاپروائی اور غیر ذمے دارانہ تھا۔ سیاسی جماعت کے ترجمان اور ماہر تعلیم ہونے کے دعویدار سے لاپروا بیان کی امید نہیں تھی جب کہ افواج پاکستان کی جانب سے مقدمے میں کوئی شکایت نہیں کی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان کا نظم و ضبط اتنا کمزور نہیں کہ کسی سیاسی لیڈر کے لاپروا بیان سے متاثر ہوجائے۔ پولیس کوئی شواہد نہیں دے سکی کہ شہباز گل نے بیان سے پہلے یا بعد میں کسی افسر یا سپاہی سے رابطہ کیا۔شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی، مزید جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔عدالت نے قرار دیا کہ شہباز گل کو مزید جیل میں رکھنا بےسود ہوگا

بلکہ ٹرائل سے پہلے سزا دینا ہوگا، تاہم ہر سماعت پر عدالت حاضری یقینی بنانے کے لیے ٹرائل کورٹ شہباز گل کو پابند کر سکتی ہے۔ عدالت کے سامنے ایسا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکا کہ شہباز گل کی درخواست ضمانت مسترد کریں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلے میں تحریر کیا کہ شہباز گل کی 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت منظور کی گئی۔ اسلام آبادہائیکورٹ صرف ضمانت کا فیصلہ اور عارضی مشاہدہ کررہی ہے۔ ٹرائل کورٹ شہباز گل کیس کے عارضی مشاہدے سے متاثر ہوئے بغیر میرٹ پر سنے۔

ضمانت پر رہائی کے بعد شہباز گل کی پہلی ٹوئٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز گل نے قرآن کی آیت شیئر کی “حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ”۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے شہباز گل کی ضمانت کو جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا کہ شہباز گل کی رہائی انصاف اور جمہوریت کی فتح ہے، پارٹی اور عمران خان کے لیے جس طرح شہباز ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے آج ان کی اس جرات پر پوری پارٹی کو فخر ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے اشتعال انگیز بیانات پر مبنی تقریر اور اداروں کے خلاف بیانات پر شہباز گل کو9 اگست کو بنی گالا کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور ان پر غداری کی دفعات کے تحت تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیاتھا۔

شہباز گل کو رہا کرنے کا حکم ، ضمانت منظور کرلی گئی، آج کی بڑی خبر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آبادہائیکورٹ نے شہبازگل کی ضمانت منظور کرلیا، رہا کرنے کا حکم۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست ضمانت کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے فریقین کے دلال سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔۔

عدالت نے شہباز گل کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا ۔ واضح رہے کہ شہباز گل کو بغاوت کے مقدمہ میں گرفتار کیاگیا تھا جبکہ سول جج نے شہباز گل کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی

ہم نے اللّٰہ کے گھر میں شہباز گل کیلئے دعا کی: اہلیہ رانا ثنا اللہ

لاہور(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ کی اہلیہ نے کہا ہے کہ ہم اللّٰہ کے گھر سے ہو کر آئے ہیں اور وہاں بھی ہم نے شہباز گل کے لیے دعا کی ہے۔لاہور سے جاری بیان میں رانا ثنا اللّٰہ کی اہلیہ نے کہا کہ رانا ثنا پر تشدد کروانے والوں میں شہباز گل بھی شامل تھے لیکن ہم کسی پر تشدد کے حق میں نہیں، پی ٹی آئی رہنما پر تشدد ہوا بھی نہیں ہے، دراصل انہیں ان کا اپنا خوف پریشان کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں رانا ثنا اللّٰہ کی حوالات میں چینی پھینک دی جاتی تھی، شوہر پر تشدد ہوتا تھا تو وہ گھر آکر بتاتے نہیں تھے لیکن ہمیں محسوس ہوجاتا تھا۔رانا ثنا کی اہلیہ نے مزید کہا کہ میرے شوہر نے شہباز گل پر تشدد نہیں کروایا، یہ اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں لیکن میں سمجھتی ہوں کہ شہباز گل پر تشدد نہیں ہونا چاہیے۔

شہباز گل کوآج عدالت میں پیش کیا جائے گا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما شہباز گِل کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں آج اسلام آباد کچہری میں پیش کیا جائے گا۔پولیس شہباز گِل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں آج پیش کرے گی۔

عدالتی حکم کے مطابق شہباز گِل کو آج 1 بجے سے پہلے عدالت میں پیش کرنا ہے۔واضح رہے کہ شہباز گِل کی آج اسلام آباد کچہری میں پانچویں پیشی ہوگی۔ذرائع کے مطابق شہباز گِل سے اہم دستاویزات برآمد کرلی گئی ہیں۔اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گِل کے کمرے پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے سیٹلائٹ فون اور پستول سمیت کئی اشیاء برآمد کی تھیں۔

شہباز گل کی نئی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی، اہم انکشافات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی نئی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ 6 رکنی بورڈ کیجانب سے تیار کی گئی، میڈیکل بورڈ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہبازگل مکمل طور پر فٹ اور ہوش وحواس میں ہیں، شہبازگل طویل عرصہ سے دمہ کے مریض ہیں، وہ کبھی کبھی دمہ کی ادویات استعمال کرتےرہےہیں، ان میں معمولی دمہ کی تصدیق ہوئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہباز گل نے بورڈ کو تفصیلی طبی معائنے کی اجازت نہیں دی، میڈیکل بورڈ نے 21 اگست کو شہباز گل کا از سرنو طبی معائنہ کیا، شہباز گل موجودہ حالات میں صحت مندہیں، وہ ان ہیلر اور نیبولائزرکااستعمال کررہےہیں، ماہر امراض سینہ نے شہباز گل کو ادویات تجویز کردیں۔میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہبازگل نے بورڈ کو میڈیکو لیگل کی اجازت نہیں دی، ڈاکٹرز نے شہباز گل کو سانس کے مسئلے کے حل کیلئے ٹیسٹ تجویزکئے لیکن انھوں نے سانس کےمسئلےکی تشخیص کیلئے ٹیسٹوں کی اجازت نہیں دی۔

شہباز گل نے بورڈ کو مکمل جسمانی معائنے کی اجازت نہیں دی، انھوں نے ڈاکٹرز کو صرف سینے کے چیک اپ کی اجازت دی۔ میڈیکل بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ شہباز گل کےخون کے ابتدائی ٹیسٹوں کےنتائج نارمل تھے تاہم انھوں نے چھاتی کے ایکسرے اور ٹیسٹ کی اجازت نہیں دی، شہبازگل نے نیبولائزر،ان ہیلرپر سانس کامسئلہ ٹھیک ہونے کی تصدیق کی اور میڈیکل بورڈ نے شہبازگل کو بھوک ہڑتال کے نقصانات سے آگاہ کیا

پولیس کا پارلیمنٹ لاجز میں شہبازگل کے زیر استعمال کمرے پر چھاپہ

ویب ڈیسک(نیوز ڈیسک )اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں شہبازگل کے زیر استعمال کمرے پر چھاپہ مارا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں سابق وزیراعظم عمران کے معاون خصوصی شہبازگل کے زیر استعمال کمرے پر چھاپہ مارا ہے، ایس ایس پی اسلام آباد کی سربراہی میں پولیس ٹیم پارلیمنٹ لاجز پہنچی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کے کمرے کی مکمل تلاشی لی، اس دوران پولیس نے کمرے سے مختلف کارڈز اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا ہے، شہباز گل کو پولیس کی نفری کیساتھ پارلیمنٹ لاجز لایا گیا۔

پولیس نے شہبازگل کے کمرے سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے، جس کے متعلق شہباز گل کا کہنا تھا کہ انہیں اس کے متعلق علم نہیں، یہ اسلحہ میرا نہیں ہے۔شہباز گل کے اپارٹمنٹ سے سیٹلائٹ فون اور دیگر موبائل فونز بھی برآمدکیے گئے۔اس کے علاوہ شہباز گل کے اپارٹمنٹ سے دو مزید پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے۔جبکہ اپارٹمنٹس کے دو کمروں سے اہم دستاویزات بھی برآمدہوئی ۔پولیس کی شہباز گل سے تحقیقات بھی جاری، پولیس شہباز گل کو پارلیمنٹ لاجز سے واپس لے گئی۔شہبازگل کا کہنا تھا کہ کمرے کی حالت دیکھ کر لگتا ہے میری غیرموجودگی میں یہاں کوئی آیا ہے، جب کمرہ چھوڑ کر گیا تھا تو اس کی حالت ایسی نہیں تھی، ہوسکتا ہے یہ پستول میری گرفتاری کے بعد یہاں لاکر رکھا گیا ہو۔میرا پرس گاڑی میں تھا یہاں کوئی لے کر آیا ہے ۔خیال رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔

شہباز گل کو پیش کرنے کیلئے چادر میں کیوں چھپایا گیا ؟ نیا سوال سامنے آگیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو عدالت میں پیش کردیا۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر افواج پاکستان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام کے مقدمے کی سماعت ہورہی ہے جس میں ان کے جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ کیا جائےگا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ دیکھنے کے بعد جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ کریں گے۔

پولیس شہبازگل کو کالے شیشوں والی گاڑی میں اسلام آباد کچہری لائی اوران پر سفید چادر ڈال کر عدالت تک لے جایا گیا جب کہ اس موقع پر پولیس نے غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں جانے سے روک دیا۔دورانِ سماعت عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز گل نے بتایا کہ ایس پی نوشیروان مجھے لے کر آئے اور کہا کہ آپ کی ضمانت ہو گئی ہے، مجھے اسکرین شاٹ دکھایا گیا اور کہا گیا کہ ضمانت ہو گئی، مچلکے جمع کرانے ہیں، مجھے پرائیویٹ گاڑی میں بٹھاکر عدالت لایا گیا، پچھلی رات سے دیکھیں میرے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔جج نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ نے ڈاکٹرز کو دکھایا، ہم تو میڈیکل نہیں بتا سکتے۔عدالت نے شہباز گل کو ساڑھے 12 بجے تک پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو عدالت میں پیش کردیا۔

شہباز گل کی ہسپتال سے ایک اور ویڈیو منظرعام پر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اسلام آباد پولیس کے زیرِ حراست رہنما پاکستان تحریکِ انصاف شہباز گِل کی اسپتال سے ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے۔

شہباز گِل کی بھوک ہڑتال ختم کروانے میں ڈاکٹرز اور پولیس حکام کامیاب ہو گئے، نئی ویڈیو میں شہباز گِل کو جوس اور فروٹ کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں شہباز گِل اسپتال کے عملے سے جوس مکمل نہ کرنے اور فروٹ نہ کھانے پرضد کر رہے ہیں۔

شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ دینے کی درخوا ست قابل سما عت ہونے یا نہ ہونے پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔نجی نیوز چینل کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون جب کہ شہباز گل کی جانب سے وکیل شعیب شاہین، فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے شہباز گل کیس میں وکلا کو سیاسی بات کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ کوئی سیاسی رائے نہیں بلکہ عدالت میں قانونی بات کی جائے۔عدالت نے شہباز گل کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواست ضمانت زیر التوا ہے، یہ ریمانڈ ایشو بھی ہے ۔

ایف آئی آر معطل کرنے کا کوئی تصور نہیں ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ پہلے ریمانڈ اور درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں۔وکیل شعیب شاہین نے استدعا کی کہ پہلے ایف آئی آر کالعدم کرنے کی درخواست کی سماعت کی جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ پہلے ریمانڈ سے متعلق نظرثانی درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں ۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ ‏جوڈیشل مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ دینے کی بجائے جوڈیشل کردیا۔بحث اور دلائل کے بعد عدالت نے استفسار کیا کہ ضمانت کب کے لیے مقرر ہے؟ ، جس پر وکیل نے بتایا کہ آج ساڑھے بارہ بجے سماعت کے لیے مقرر ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہر کام فاسٹ ٹریک پر کررہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے کہا کہ درخواست قابل سماعت ہوئی تو میرٹ پر دلائل کی تاریخ رکھیں گے۔دریں اثنا اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے کیس میں شہباز گل کے خلاف بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں شہباز گل کے وکلا فیصل چودھری اور شعیب شاہین قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو پیش ہوئے۔

وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے جو دفعات لگائی ہیں ان کی منظوری حکومت سے لینی تھی جو نہیں لی گئی۔ اس موقع پر شہباز گل کے بیان کا ٹرانسکرپٹ عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ وکیل نے بتایا کہ شہباز گل کے بیان کا مخصوص حصہ لیا گیا ہے۔ شہباز گل کے بیان پر سیاق و سباق شامل نہیں کیا گیا۔وکیل کے مطابق متاثرہ پارٹی جیک برانچ تھی وہ مقدمہ درج کرا سکتی تھی ۔ جس طرح انہوں نے وکیل ایمان مزاری کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے ۔ ان کے موجودہ وفاقی وزرا نے اس سے بھی سخت الفاظ کہے ہوئے ہیں ۔عدالت نے شہباز گل کی مقدمہ اخراج کی درخواست پر آئی جی، ایس ایس پی، ایس ایچ او تھانہ کوہسار اور مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا اور سماعت بھی اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

شہباز گل کا جملہ قابل اعتراض تھا، عمران خان نے آخرکار اعتراف کر لیا

لاہور (نیوزڈیسک) عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز گل کا ایک جملہ بالکل قابل اعتراض تھا جو نہیں کہنا چاہیئے تھا۔ جمعہ کے روز آن لائن سوال جواب سیشن کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے چیف آف سٹاف شہباز گل کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر شہباز گل نے کچھ کہہ دیا اور اس میں ایک جملہ بالکل قابل اعتراض تھا جو نہیں کہنا چاہیے تھا، اس پر نجی ٹی وی کے خلاف کیسے ایکشن لے لیا، نیوز ایڈیٹر کو کیسے اٹھا لیا؟۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے اگر کوئی بات کی ہے تو اس میں چینل کا کیا قصور ہے؟۔ ایسا صرف اس لیے کیا گیا تاکہ ٹی وی کا منہ بند کیا جائے اور دیگر چینلز کو ڈرایا جائے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ان پر پابندی لگا کر نواز شریف کی نااہلی ختم کروانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پلان یہ ہے کہ مجھ پر پابندی لگوا کر کہا جائے کہ اگر عمران خان پر پابندی ہٹانی ہے تو نواز شریف کی نااہلی بھی ختم کی جائے۔

ان کی پلاننگ ہے کہ تحریک انصاف پر سختی کرو، نجی ٹی وی پر سختی کر دی، 17 جولائی کو دھاندلی کے باوجود تحریک انصاف نے فتح حاصل کی جس کے بعد یہ گھبرا گئے اور اب یہ اپنے پلان سی پر چلے گئے ہیں۔ اس وقت تحریک انصاف کو فوج سے لڑانے کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے، مجھے ناک آؤٹ کرنے کے لیے توشہ خانہ کیس، ممنوعہ فنڈنگ کیس چلا رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کا پلان یہ ہے کہ میری آواز کا بند کیا جائے، میرے خلاف مخالف چینلز پر پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ پراپیگنڈے کے بعد مجھ پر پابندی عائد کر دی جائے۔پھر ڈیل کی جائے کہ اگر عمران خان سے پابندی ہٹانی ہے تو جو نواز شریف کو نااہل کیا گیا ہے یہ بھی ختم کی جائے، یہ اتنا خوفناک پلان ہے کہ اس سے پاکستان کو کتنا نقصان ہوگا یہ کوئی نہیں سوچ رہا، میں کسی ڈیل کا حصہ نہ بنا نہ بن سکتا ہوں، یہ ڈیل پاکستان کی تباہی ہے یہ این آر او کی ایک قسم ہے، یہ نواز شریف کو این آر او ٹو دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پلان کے حوالے سے کل لاہور جلسے میں تفصیلات بتاوں گا۔

شہباز گل سے دوران تفتیش لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے متعلق کیا سوال کیا جاتا رہا؟بڑا انکشاف

اسلام آباد(نیوزڈیسک ) تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے پیشی کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے دوران تفتیش پوچھا جاتا ہے کہ جنرل فیض سے کتنی بار ملے۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کور ٹ نے اداروں میں بغاوت پر اْکسانے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کردی۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے جمعہ کی صبح محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے شہباز گل کو جیل بھیج دیا۔قبل ازیں پولیس نے شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ قبل ازیں پولیس نے عدالتی حکم پر شہباز گل کا طبی معائنہ بھی کروایاجس کی رپورٹ پولیس نے عدالت میں پیش کی۔سماعت سے قبل کمرہ عدالت کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ شہباز گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایڈووکیٹ جنرل کس حیثیت میں آ گئے، حکومت کی مداخلت دیکھ لیں۔ اس موقع پر عدالت نے غیر ضروری افراد کو باہر جانے کی ہدایت کی۔شہباز گل کی لیگل ٹیم سے ملاقات کے حکم پر فواد چودھری سمیت دیگر نے ان سے گفتگو کی۔ پولیس نے عدالت میں شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ شہباز گل کی آڈیو پروگرام کی سی ڈی لی ہے، جو کہ میچ کرگئی ہے۔ ایک موبائل فون ان کی گاڑی میں رہ گیا تھا، دوسرا ان کے پاس تھا۔شہباز گل نے عدالت کو بتایا کہ 4 بجے کا وقت تھا اس وقت کوئی موبائل نہیں چل رہا تھا سگنل نہیں تھے۔انہوں نے بتایا کہ مجھ پر تشدد کیا گیا، جس کے نشانات موجود ہیں،فزیکل چیک اپ نہیں کیا گیا جب کہ وکلا سے ملنے بھی نہیں دیا جا رہا۔

ساری رات مجھے جگایا جاتا ہے۔ شہباز گل نے عدالت کو اپنی کمرپر تشدد کے نشانات دکھاتے ہوئے کہا کہ جعلی میڈیکل رپورٹ کو دیکھیں۔شہباز گل نے کہا کہ اپنی افواج کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ ایسی بات کروں۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر خان جدون نے عدالت کو بتایا کہ ٹرانسکرپٹ تھا جو پڑھا گیا،یہ نہیں بتایا جا رہا کہ کون اس کے پیچھے ہے، پولی گرافک ٹیسٹ کرانا ہے، سچ بول رہے ہیں یا جھوٹ۔ موبائل ، لیٹ ٹاپ تک رسائی نہیں دی جارہی۔جہانگیر خان جدون نے عدالت کو بتایا کہ ڈرائیور کو انہوں نے بنی گالہ میں چھپایا ہوا ہے۔ انہوں نے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کردی،جس پر شہباز گل کے وکیل فیصل چودھری نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے فزیکل ریمانڈ کی ضرورت ہی نہیں وہ ویسے بھی کرا سکتے ہیں۔عدالت نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شہباز گل کو جیل بھیج دیا۔

شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرنے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کر دی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نظر ثانی اپیل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں دائر کی ہے۔

نظر ثانی اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم نامہ معطل کر کے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے، ملزم شہباز گل سے مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔یاد رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

عمران خان کیخلاف وعدہ معاف گواہی ؟شہباز گل نے پولیس کو کیا اعترافی بیان ریکارڈکروا یا؟عدالت میں پیشی کے موقع پر کھل کر بتا دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کےگرفتار رہنما شہباز گل آج عدالت میں پیش ہوئے جہاں پر عدالت کے باہر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی اعترافی بیان پولیس کو نہیں دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل پر تھانہ بنی گالہ میں اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج ہے۔

آج شہباز گِل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کی اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پر انہوں نے انہوں نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے قمیض اٹھا کر اپنی کمر دکھائی اور کہا کہ مجھے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔شہباز گِل نے عدالت کو مزید بتایا کہ 4 بجے کا وقت تھا، اس وقت کوئی موبائل نہیں چل رہا تھا، سگنل نہیں تھے، میرا جسمانی چیک اپ اور میڈیکل نہیں کیا گیا، وکلا ء سے ملنے نہیں دیا جا رہا، جیل میں ساری رات مجھے جگائے رکھا گیا۔ افواج پاکستان کے خلاف بیان کے متعلق شہباز گل نے کہا کہ ’’ میں ایک پروفیسر ہوں کوئی مجرم نہیں افواج پاکستان کے متعلق بات کرنے کے بارے میں میں سوچ بھی نہیں سکتا،مزید براں مجھے تھانہ کوہسار میں نہیں بلکہ کسی اور تھانے میں رکھا گیا ‘‘۔

شہباز گِل نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی نجی زندگی کے متعلق مجھ سے پوچھا جا تا رہا کہ وہ کھانے میں کیا کھاتے ہیں ؟ بار بار ایک ہی سوال مجھ سے کیا جاتا ہے کہ افواج کے بارے میں بیان آپ نے عمران خان کے کہنے پر دیا جس پر میں کہتا ہوں کہ میں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔ میڈیکل چیک اپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا کوئی میڈیکل نہیں ہوا پولیس نے اپنی مرضی سے میرا فرضی میڈیکل بنایا ہے اور مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل وفاقی کابینہ کے سابقہ ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ یاد رہے کہ چند دن پہلے انہیں بنی گالہ چوک کے قریب سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد ان کے ڈرایئور کے گھر پر پولیس نے چھاپہ بھی مارا اور اس کی ڈرائیور کے نہ ملنے پر اس کی اہلیہ کو گرفتار کر کے لے گئے تھے۔

شہباز گل پر تشدد ، عمران خان جلال میں آگئے،امپورٹڈ حکومت کو کھری کھری سنا دیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل پر دوران حراست مبینہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے کے بعد آج جوڈیشل مجسٹریٹ عمر بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہباز گل نے اپنی قمیض اٹھا کر دکھائی اور دعویٰ کیا کہ انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور رات بھر جگائے رکھا گیا، میڈیکل بھی نہیں کرایا گیا اور وکیل سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔

اس معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔عمران خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ شہباز گل پر ہونے والے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔چیئرمین تحریک انصاف نے پوچھا کہ کس قانون کے تحت اور کس کے کہنے پر ایسا کیا جا رہا ہے؟ اگر شہباز گل نے کوئی قانون توڑا ہے تو اسے صفائی کا پورا موقع ملنا چاہیے۔عمران خان نے مزید لکھا کہ لیکن امپورٹڈ غلام حکومت کے لیے بلا خوف آئین اور قانون کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں۔یاد رہے کہ عدالت نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

شہباز گل کی تھانے میں حالت کیسی ہے، تازہ ترین تصاویر نے تہلکہ مچادیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی نئی تصاویر سامنے آئی ہیں۔ تصویر میںڈ یکھا جا سکتاہے کہ شہباز گل لاک اپ میں گندے فرش پر بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ فرش پر نہ کوئی دری ہے نہی چادر ۔۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا ۔

ڈاکٹر شہباز گِل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کیس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جبکہ پولیس نے صحافیوں کو کوریج سے روک دیا۔

شہباز گل کے کپڑوں پر خون کے دھبے، منظم طریقے سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تہلکہ خیز انکشافات

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے ان کے موکل کو خطرہ ہے کہ اگر انہیں جسمانی ریمانڈ پر بھیجا گیا تو شاید عدالت انہیں دوبارہ نہ دیکھ پائے۔شہباز گِل کے وکیل فیصل چوہدری کا عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہباز گل پر مقدمے کی منسوخی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔فیصل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ شہباز گِل کے کپڑوں میں خون آلود دھبے نظر آئے ہیں، تشدد ایک منظم طریقے سے کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے بھی عدالت کو خطرہ سے آگاہ کیا ہے، شہباز گِل کو خطرہ ہے کہ جسمانی ریمانڈ پر بھیجا تو شاید عدالت دوبارہ انہیں نہ دیکھ سکے۔وکیل فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت کے پاس ثبوت نہیں گرفتاری اور پرچہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ اسلام آباد کچہری کے ڈیوٹی مجسٹریٹ نے اداروں کے خلاف بیان بازی اور ان کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ پر دو روز کے لیے پولیس کے حوالے کیا ہے۔

میں نے فوج نہیں بیوروکریسی پر بات کی تھی ، شہباز گل کا سافٹ وئیر اپ ڈیٹ ، بیان بدل لیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ ادارے ہماری جان ہیں، میرے بیان میں کچھ ایسا نہیں جس سے شرمندگی ہو، میں نے بیورو کریسی پر بات کی ۔اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی ، میرا بیان ایک محبت وطن کا بیان ہے ، میں نے کچھ ایسا نہیں کہا جس پر شرمندگی ہو، فوج سے پیار کرنے والے کا بیان ہے ۔شہباز گل نے مزید کہا کہ میں نے کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی، میں نے سٹریٹجک میڈیا سیل کے افسران کو کہا اور بیورو کریسی کے افسران سے متعلق بات کی ۔خیال رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نےشہباز گل کا 2روز ہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے ، پولیس نے ان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ۔

شہباز گل کو “بغاوت پر اکسانے “کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں پولیس نے ان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جس کی شہباز گل کے وکیل نے مخالفت کی جس کے بعد عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا اور اب فیصلہ سنا دیا گیا ہے جس میں پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کی گئی ہے لیکن ریمانڈ 14 دن کی بجائے صرف 2 روز کا دیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے کہ انہوں نے یہ سب کس کے کہنے پر کہا ؟ اور جس مسودے سے ملزم سب کچھ بول رہے تھے وہ مسودہ بھی ان سے ریکور کرنا ہے ، جبکہ ان کا موبائل بھی فی الحال نہیں ملا جس کو ریکور کرنا ہے ۔

شہباز گل گرفتاری کے دوران روپڑے، معافیاں مانگیں، خاتون صحافی نے گرفتاری کا احوال بتا دیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)شہباز گل گرفتاری کے دوران روپڑے، معافیاں مانگیں ۔خاتون صحافی غریدہ فاروقی نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیاکہ ’’خبر ملی ہے کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف شہبازگِل گرفتاری کے دوران رو پڑے ہیں، معافی مانگ رہے ہیں، بیان سے لاتعلقی ظاہر کر رہے ہیں؛ چند ہی گھنٹوں میں حالت پتلی ہو گئی ہے عقل ٹھکانے آ گئی ہے۔

لیکن سوفٹ وئیر اَپ ڈیٹ کا مرحلہ بڑا طویل ہے۔ اب ذرا ڈٹ کے کھڑے ہوں؛ یہ جہاد ہے مخول نہیں۔‘‘یاد رہے کہ شہباز گل کو عدالت نے دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

شہباز گل کو کتنے روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، عدالت سے بڑی خبر

اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ڈاکٹر شہباز گِل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کیس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جبکہ پولیس نے صحافیوں کو کوریج سے روک دیا۔بعد ازاں عدالت نے پولیس اور شہباز گل کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے دو روز پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ عدالت نے کوہسار پولیس کو جمعہ کے روز شہباز گِل کو دوبارہ پیش کرنےکا حکم دیا۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گِل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے، ملزم جس پیپر سے دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے، پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے۔شہباز گل پر تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف مبینہ غداری سمیت سنگین نوعیت کے 10 مقدمات درج ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شہباز گل کی گرفتاری کو اغوا قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔.

شہباز گل کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی

اسلام آباد(نیوزڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکار یونیفارم میں دیکھے جاسکتے ہیں، اس سے قبل پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز گل کو سادہ کپڑوں میں ملبوس لوگ لے گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے سکیورٹی اہلکار شہباز گل کو گاڑی سے باہر آنے کا اشارہ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی رہنما کے باہر نہ آنے پر گاڑی کا شیشہ توڑا گیا۔

ویڈیو میں گاڑی کا شیشہ ٹوٹنے کے بعد شہباز گل کو باہر آتے دیکھا جاسکتا ہے،پی ٹی آئی کے دعوے کے بر عکس شہباز گل کو نہ گھسیٹا جا رہا ہے اور نہ ہی تشددکیا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق شہباز گل پولیس اہلکاروں کے ساتھ چلتے ہوئے گاڑی میں جاکر بیٹھے۔ اس کے علاوہ شہباز گل کے ڈرائیور کا بھی تشدد کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق شہباز گل کے ڈرائیور پر کسی قسم کا تشدد نہیں کیا گیا،پی ٹی آئی رہنما کے اترنے کے بعد ڈرائیور کو گاڑی آرام سے سائیڈ پر لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز شہباز گل کو بنی گالا کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور ان پر غداری کی دفعات کے تحت تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔