ایشیا کپ، بھارتی شوہر کا فائنل میں پاکستانی اہلیہ کی ٹیم کو سپورٹ کرنے کا اعلان،دونوں ایک دوسرے کو کیسے ٹیز کرتے ہیں؟

یواےای(نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ نے دبئی میں مقیم ایک جوڑے کو بہت مقبول بنا دیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ شوہر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کیا اور بیوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ۔پاکستان اور بھارت کا ایشیا کپ میں دو مرتبہ ٹاکرا ہوا اور دنوں میاں بیوی اپنی اپنی ٹیموں کی شرٹس پہن کر دبئی اسٹیڈیم آتے رہے اور سب کی توجہ کا مرکز رہے، اس دروان انہیں میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر بہت شہرت ملی اور ان کی ویڈیوز خاصی وائرل ہوئیں۔

عبداللہ خان کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ دبئی میں مقیم ہیں جبکہ ان کی اہلیہ علشبہ پاکستان سے ہیں۔عبداللہ خان نے جیو نیوز کو بتایا کہ میں دبئی میں مقیم ہوں، آباؤاجداد بھارت سے ہیں، اس لیے ہمیشہ بھارت کو سپورٹ کروں گا، اہلیہ کے پاکستان کے ساتھ تعلق کی عزت کرتا ہوں اور انہیں پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی آزادی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ سے باہر ہو جائے گی، افسوس ہے کہ بھارتی ٹیم فائنل نہیں کھیل رہی حالانکہ مجھے تھا کہ ہماری ٹیم پاکستان کے خلاف فائنل کھیلے گی اور ہم اپنی اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔

عبداللہ خان نے بتایا کہ ویڈیوز وائرل ہونے پر منفی کمنٹس کا سامنا نہیں کرنا پڑا، لوگوں نے اسے مثبت انداز میں لیا، لوگوں نے کہا کہ اگر ایک گھر میں بھارت اور پاکستان کے میاں بیوی پیار محبت سے رہتے ہیں تو دونوں ملکوں کو بھی رہنا چاہیے، سیاسی معاملات الگ ہیں ہمیں مل جل کر رہنا چاہیے، ہمارا سب کچھ تو ایک جیسا ہے، بولنا اور کھانا پینا بھی ایک طرح کا ہے۔