اسلام آباد کا گھیراؤ۔۔۔ تحریک انصاف کی شہر اقتدار کو چاروں طرف سے بند کرنے کی دھمکی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم جب چاہیں چاروں طرف سے اسلام آباد کو بلاک کرسکتے ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ یہ حکومت جمہوری طور پر جائے۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے فاصلے کم کرنے چاہئیں، شہباز شریف صرف جلد الیکشن پر آمادگی ظاہر کریں، ہم انکے ساتھ بیٹھ کر الیکٹورل فریم ورک طے کرنے کو تیار ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کے 80 فیصدعوام پر پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔ 17

جولائی کے الیکشن کے بعد کوئی بھی حکومت ہوتی وہ اخلاقاً استعفیٰ دے دیتی، پاکستان میں کوئی جماعت وفاق کی نمائندگی کرتی ہے تو وہ پی ٹی آئی ہے جب کہ پی ڈی ایم رہنماؤں کو پاکستان میں کوئی دلچسپی ہی نہیں۔ حمزہ شہباز کی وزارت اعلٰیٰ ختم ہوئی تو وہ اپنے وطن لندن تشریف لے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی راہ میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں، عدالتوں میں بھی ہم نے ہی کیس کیے ہیں۔ ن لیگ اور پی پی کی فنڈنگ سے متعلق کیوں فیصلہ نہیں کیا جا رہا ہے۔ اس سے متعلق ہم عدالت ہی جائیں گے ناں۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ مراد سعید کے گھر کے باہرلوگ مشین گن لے کرآئے۔ کسی پولیس چوکی پر مسلح افراد کو نہیں روکا گیا، پتہ لگنا چاہیے رات گئے جو مسلح لوگ پہنچے وہ کون تھے۔پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ

کراچی پاکستان کی تمام آبادی کی نمائندگی کرتا ہے، کل یہاں عمران خان کا جلسہ تاریخی جلسہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہبازگل پی ٹی آئی سے زیادتیوں کا استعارہ بنے ہوئے ہیں، ان پر ہوئی صعوبتوں کی مثال نہیں ملتی۔ ریاست کا وزن شہباز گل پر گرا، دیگرسائیڈ پر کھڑے مسکرا رہے ہیں، تشدد کے شواہد موجود ہیں، اس کی وجہ سے ان کو مسئلہ ہے، بیماری کی وجہ سے نہیں،اس ظلم کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد کے خلاف عالمی ردعمل سامنے آرہا ہے جس پر شدید تشویش ہے، مجھےامید ہے کہ عدالت میڈیکل رپورٹ دیکھے گی۔ ہماری رائے ہے کہ ایک آزاد میڈیکل بورڈ بنے جس پر سب کو اعتماد ہو اس کے بعد ان لوگوں کی نشاندہی کی جائے جو شہباز گل پر تشدد میں ملوث ہیں۔