پنجاب پولیس کی یونیفارم ایک مرتبہ پھر تبدیل کرنے کا فیصلہ، نیا رنگ کونسا ہوگا ؟ 

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب پولیس کی یونیفارم ایک مرتبہ پھر تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار سے یونیفارم کے 3 رنگ مانگ لیے ۔ذرائع کے مطابق منتخب کئے گئے 3 رنگوں کا عوامی سروے بھی کروایا جائے گا۔

عوامی سروے اور اعلیٰ افسران کی مشاورت کے بعد پولیس کی یونیفارم کے لیے نیا رنگ منتخب کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب چند روز کے اندر وردی کے3 مختلف رنگ منتخب کر کے دیں گے۔ آئی جی پنجاب کی طرف سے ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو یونیفارم کے نئے رنگ اور اسکی سلیکشن پر کام کرے گی۔ کمیٹی ایڈیشنل آئی جی کی سربراہی میں بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے یوم پولیس شہداء پر پولیس لائنز میں یونیفارم کو تبدیل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔