تھر (نیوزڈیسک) تھر میں آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھر میں جمعہ کے روز آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے افسوسناک جانی و مالی نقصانات ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھر کے آبادی والے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ آسمانی بجلی گرنے سے گھروں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ کئی مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ ماضی میں بھی تھر میں آسمانی بجلی گرنے کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔دوسری جانب مون سون کی طوفانی بارشوں نے بھی سندھ میں تباہی مچا رکھی ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلی سندھ نے بتایا ہے کہ 20 جون سے 11 اگست 2022 کے درمیان ہونے والی شدید بارشوں سے سندھ میں تین ڈویژنوں کے آٹھ اضلاع بری طرح متاثر ہوئے اورمجموعی طور پر 723 دیہات متاثر ہوئے ہیں جن میں 2135.4 کلومیٹر رقبہ پر پھیلی 548 مختلف سڑکیں، 45 برجز، 32 دکانیں، 22،817 جزوی طور پر مکانات اور 4520 مکمل طور پر تباہ ہونے سمیت 974 مویشی ہلاک اور 674 رقبے پر پھیلی فصلیں تباہ ہوئیں۔ مراد علی شاہ کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں 130 افراد ہلاک ہوئے جن میں 54 مرد، 11 خواتین اور 65 بچے شامل ہیں جبکہ 422 متعدد زخمی ہوئے۔