عمران خان کو ناک آئوٹ کرنے کیلئے کیا کرنا ہو گا؟اسد عمر نے مخالفین کو مشورہ دیدیا

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ناک آؤٹ کرنے کے لیے آپ کو نیا آئین لکھنا پڑے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کہہ چکی ہے کہ واضح بیرونی مداخلت نظر آئی، عمران خان بند کمرے کی سازش کے خلاف کھڑا ہوا، عوام بھی باہر نکلی، 17 جولائی کو انتخابات میں پنجاب کے عوام نے امپورٹڈ نظام کو مسترد کیا اور بیرونی مدد کے باوجود عوام نے ان سے اقتدار واپس چھینا۔

ان کا کہنا تھا صبح سے شام تک حکومت والے فارن فنڈنگ سے متعلق پریس کانفرنسیں کر رہے تھے، اب یہ حکومت اپنے آپ کو اندر سے کھوکھلا محسوس کر رہی ہے، اب یہ آخری پھڑپھڑاہٹ ہمیں نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقدمہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہےکہ تحریک انصاف پاکستان کے لیے خطرہ ہے، عمران خان اس وقت روایتی سیاسی نظام کے خلاف کھڑا ہوا ہے، آج عمران خان نے میٹنگ کال کر رکھی ہے، میٹنگ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا شہباز گل کی بات سے اختلاف ہو سکتا ہے، اس پر مقدمہ بنائیں سوال پوچھیں لیکن یہاں شیشے توڑے گئے بٹ مارے گئے، حکومت بدحواسی کا شکار ہے اسی لیے اس طرح کے فیصلےکر رہی ہے۔

ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا لوگوں نے سامنے آکر واضح کر دیا کہ الیکشن کمیشن نے جھوٹے الزام لگائے ہیں، بڑا واضح طور پر لکھا ہےکہ کس سے پیسہ لینا ممنوع ہے، جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے اور فارن فنڈنگ میں بدنام کیا جا رہا ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں چار خامیاں ہیں، حقائق جھوٹے ہیں اور قانون کی غلط تشریح کی گئی ہے، جو اختیار الیکشن کمیشن کے پاس نہیں اسے استعمال کیا گیا ہے، رپورٹ میں واضح جانبداری نظر آ رہی ہے، فنڈ دینے والوں کے بیانات نے ثابت کر دیا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ جعلی ہے۔