عمران کا اپنی گرفتاری کی خبروں پر ردِ عمل آگیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی کیلئے گرفتاری تو چھوٹی چیز ہے وہ اپنی جان قربانی کرنے کیلئے بھی تیار ہیں، جس طریقے سے شہباز گل کو “اغوا” کیا گیا ایسا تو بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتا۔ڈاکٹر شہباز گل کی گرفتاری اور اے آر وائی نیوز کی بندش پر صحافی عبدالقادر سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں قانون بنے ہوتے ہیں، اگر کوئی بھی قانون توڑتا ہے تو اس پر کیا ایکشن لینا چاہیے یہ سب لکھا ہوتا ہے ، یہ نہیں کرسکتے کہ کسی نے ایک فیصلہ کیا اور چینل بند کردیا، جمہوری معاشرے میں ایسے نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل کو اغوا کیا گیا، نہ وارنٹ دکھائے، اس کو نکالا، اس کے ڈرائیور کو بری طرح مارا، ایسا تو کسی بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتا، اس سارے واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں، اس سے دنیا میں کیا لگ رہا ہے کہ کیا پاکستان میں کوئی بنیادی حقوق نہیں ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے کوئی ادارے نہیں ہیں؟ ایسا تب ہی ہوتا ہے جب آپ کو یہ خوف نہ ہوکہ کوئی آپ کا محاسبہ کرسکتا ہے، 25 مئی کو ہمارے اوپر پولیس اور رینجرز نے ظلم کیا، انہوں نے یہ سب ظلم اس لیے کیا کیونکہ انہیں انجام کا خوف نہیں تھا۔ ہم اس کی پیروی کر رہے ہیں اور اس پر ایکشن لے رہے ہیں، اگر ایک معاشرے کے اندر اس طرح کی چیزوں کی اجازت دی جائے تو پھر جنگل کا قانون بن جائے گا۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ کی گرفتاری کی باتیں کی جا رہی ہیں اور آپ کے کارکن پریشان ہیں انہیں کیا کہنا چاہیں گے؟

اس پر عمران خان نے کہا کہ بار بار کہہ چکا ہوں کہ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، گرفتاری تو چھوٹی سی چیز ہے، انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد کیلئے اپنی جان بھی قربانی کرنی پڑے تو کروں گا، میں غلام نہیں رہ سکتا، میں آزاد ملک میں پیدا ہوا تھا، کوئی بھی قربانی دینی پڑے میں اس کیلئے تیار ہوں۔