مسجد کا مائیک چیک کرنے کے دوران قاری کرنٹ لگنے سے جاں بحق

کراچی (ویب ڈیسک ) مسجد کا مائیک چیک کرنے کے دوران قاری کرنٹ لگنے سے جاں بحق، شہر قائد کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں واقع مسجد میں کرنٹ لگنے کے واقعے کے بعد مسجد کے قاری کو فوری ہسپتال لے جانا بھی اس کی جان نہ بچا سکا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔اورنگی ٹاون سیکٹر ساڑھے گیارہ غازی آباد میں قائم جامع مسجد میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق متوفی کی عمر 45 سال تھی۔ متوفی مسجد کا مائیک چیک کرنے میں مصروف تھا جب اسے مائیک سے شدید نوعیت کا کرنٹ لگا۔

پولیس کے مطابق ممکنہ طور کرنٹ کی شدت انتہائی زیادہ ہونے کی وجہ سے متوفی کی وہیں موت واقع ہو گئی۔ متوفی کو جب ہسپتال لے جایا گیا تو ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔