’سیاسی جماعتوں کیلئے دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، ادارے عمران خان کی باتوں کا نوٹس لیں‘

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے لیے دوہرا میعار نہیں ہونا چاہیے، ادارے عمران خان کی باتوں کا نوٹس لیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا عمران خان ملک میں فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتے ہیں،

وہ مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اداروں کو للکار رہے ہیں، عمران خان کا فتنہ چل نکلا تو ملک میں خون ریزی ہو گی، اگر عمران خان کو روکا نہ گیا تو شدید عوامی رد عمل آسکتا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان اقتدار کے لیے مارا مارا پھر رہا ہے، پہلے اقتدار کے لیے اس کا انحصار سلیکشن کمیٹی پر تھا، اب اس کا انحصار امریکیوں پر ہو گیا ہے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں کا احترام ہے، ادارے عمران خان کی باتوں کا نوٹس لیں، سیاسی جماعتوں کے لیے دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف واپس آ رہے ہیں، عوام جس طرح نواز شریف کا استقبال کرے گی، عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، عمران خان کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔