’آج ترکیہ کی 90 ہزار مساجد میں پاکستان کیلئے دعا کی جائیگی

وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آج ترکیہ کی 90 ہزار مساجد میں پاکستان کے لیے دعا کی جائے گی۔ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو پیغام کے ساتھ شیئر کی گئی ٹوئٹ میں احسن اقبال نے لکھا کہ ’ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے ترکیہ وزیر داخلہ اور وزیر ماحولیات کی قیادت میں پاکستان سے یکجہتی کے لیے اعلیٰ سطحی وفد پاکستان بھیجا ہے، طیاروں اور ریل کے ذریعے امدادی سامان آ رہا ہے‘۔وفاقی وزیر کی ٹوئٹ کے مطابق ’ترک وزیر داخلہ نے بتایا کہ آج 90 ہزار مساجد میں جمعہ کی نماز کے بعد پاکستان کے لیے دعا ہو گی‘۔

دوسری جانب شیئر کی گئی ویڈیو میں احسن اقبال کو پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے ترکیہ کی دی گئی امداد پر ترک قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے ترکیہ کی قیادت طیب اردوان اور ترکیہ کی عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتاہوں یہ قدرتی آفت ہے جس نے پاکستان میں ایسی تباہی پھیلائی جو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی اس آفت کا تعلق ماحولیاتی تبدیلی سے ہے۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا ’ ا س دکھ کی گھڑی میں جس طرح ترکیہ کی قیادت اور عوام نے پاکستان کا ساتھ دیا میں اس کا شکر گزار ہوں ہم کبھی اس جذبے کو نہیں بھلاسکتے ‘۔