لندن (نیوزڈیسک ) سابق وزیر اعظم اور قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے اپنے اور شہباز شریف کے مابین کسی بھی طرح کے اختلاف کی تردید کر دی ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں نواز شریف نے لکھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور مجھ سے منسوب منفی تبصرے گمراہ کن اور بے بنیاد ہیں ، مجھے امید ہے کہ انتہائی مشکل حالات میں ایس ایس ( شہباز شریف ) کی مخلصانہ اور انتھک کوششیں ثمر آور ہوں گی اور وہ ملک کو عمران خان کی پیدا کردہ گندگی سے نکالیں گے۔
خیال رہے کہ شیخ رشید نے گزشتہ روز کہا تھا کہ عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہونے والے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ کو مدد کے لیے پکاررہے ہیں، عوام کی چیخیں فرش سے عرش تک پہنچ رہی ہیں، نوا زشریف کو بھی سمجھ آ چکی ہے کہ اپنے اقتدار کیلئے شہباز شریف کس حد تک جا سکتے ہیں ، ستمبر کا مہینہ ستمگر ہوگا ۔ جلد ن اور ش آمنے سامنے ہونگے ۔