فیصل آباد( نیوزڈیسک ) ن لیگی رہنماء عابد شیر علی نے بجلی بلوں کے معاملے پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، کہا مفتاح صاحب باہر نکل کر دیکھیں لوگ جھولیاں اٹھا کر ہمیں بدعائیں دے رہے ہیں۔اپوزیشن پر جارحانہ وار کرنے والے عابد شیر علی نے اپنی حکومت کے وزیرخزانہ کو ہی دھو ڈالا پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا مفتاح اسماعیل عام آدمی کے حالات سے واقف نہیں، خود جھگیوں میں جا کر رہیں تو ان کو حالات کا پتہ چلے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا مفتاح اسماعیل باہر جا کر دیکھیں لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں، اسحاق ڈار جب وزیر خزانہ تھے تب آئی ایم ایف کی ہر شرط منظور نہیں کی جاتی تھی، مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر نظرثانی کریں اور بجلی کے بلوں پر عوام کو ریلیف دلوائیں۔پریس کانفرنس میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں دوہرا معیار انصاف ختم ہونا چاہیے، ہینڈسم کے لیے انصاف کا معیار کچھ اور عام ادمی کے لیے کچھ اور ہے۔ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لوگ ان کے گھر آکر بجلی کے بل ان کے منہ مار رہے ہیں، اس الیکشن میں مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ بجلی کے بلوں کے ساتھ ہے۔