وزیر اعظم کا بجلی کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان، فیصلے کا اطلاق صرف 1 ماہ کیلئے ہو گا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم کا بجلی کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان، فیصلے کا اطلاق صرف 1 ماہ کیلئے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے بجلی کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کے فیصلے کی مزید تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ بجلی کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا ریلیف صرف 1 ماہ کیلئے دیا گیا ہے، 200 سے زائد یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین اس ریلیف سے مستفید نہیں ہو سکیں گے، وزیراعظم کی ہدایت پر ورکنگ کر کے یہ فارمولا طے کیا ہے، اگلے بلوں میں جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارج ہو گی جو بہت کم ہو گی۔خرم دستگیر کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ٹیکس نہیں ہے، جولائی اور اگست کے مہینے میں ایندھن کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، جولائی کے مہینے میں قیمتوں میں ہونے والی کمی صارفین کو منتقل کی جائے گی۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجزمعاف کردیے، تاجروں پر فکسڈ ٹیکس بھی ختم کردیا ہے، حکومت مہنگائی کو کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے قطر میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کاوشوں سے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہے، اگر تیل سستا ہوجائے تو اسی طریقے سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجزکم ہوجاتے ہیں، میں نے نوازشریف اور اتحادی جماعتوں کی سفارش پر اس کا فوری نوٹس لیا،ہم نے اس حوالے سے پچھلے چارپانچ دن کام کیا، آج میں اعلان کررہا ہوں کہ نوازشریف کی واضح ہدایت تھی کہ صارفین پر کسی قسم کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے، شومی قسمت دیکھیں ہمیں ہر کام کیلئے آئی ایم ایف مشورہ کرنا پڑتا ہے، اگر مشاورت نہ کریں تو پروگرام متاثر ہوسکتا ہے، معاہدے میں ذرا بھی تبدیلی آئی تو مشکلات ہوسکتی ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت کے بعد پاکستان کے تین کروڑ صارفین میں ایک کروڑ 71لاکھ صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارج نہیں دینے پڑیں گے۔یہ صارفین اب رات کو سکون کی نیند سوئیں، باقی ایک کروڑ 30لاکھ صارفین ان میں کھاتے پیتے کاروباری لوگ ہیں، ان کو بھی سہولت کا دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پاکستان میں ٹیوب ویل صارفین کو بھی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں دینے پڑیں گے۔