عمران خان پارٹی کے لیے ریڈلائن ہیں لہذا حکومت کسی بھی مس ایڈوینچرسے بازرہے .تحریک انصاف کا شہبازشریف کو حکومت انتباہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے خبردار کیا ہے کہ عمران خان پارٹی کے لیے ریڈلائن ہیں لہذا حکومت کسی بھی مس ایڈونچرسے بازرہے ورنہ صورتحال کی ذمہ دار حکومت ہوگی سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف مقدمات اور انہیں گرفتار کرنے کی اطلاعات پر تحریک انصاف کے راہنماؤں اور کارکنوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کی گرفتاری کو ریڈ لائن قرار دیا ہے.یہ پیش رفت اس مقدمے کے بعد سامنے آئی جو سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف ایف نائن اسلام آباد میں دورانِ تقریر پولیس کے اعلیٰ افسران اور خاتون جج کو دھمکیاں دینے پر درج کیا گیا تھا بنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوچکی ہے.

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کل رات عمران خان کی گرفتاری افواہوں کے ساتھ ہی کارکن بنی گالہ پہنچنا شروع ہوگئے تھے اوربنی گالا میں رات گئے میلے کا سماں تھا خواتین، فیملیز اور ہزاروں کارکنان اس وقت یہاں موجود ہیں جبکہ لاہور، فیصل آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں لوگ سڑکوں پر ہیں.انہوں نے کہا کہ ہم نے دوسرے صوبوں سے آنے والے اپنے کارکنوں کو روک دیا ہے اگر ہم کارکنوں کوآنے سے نہ روکتے تو اسلام آباد انتظامیہ کے پاس اپنی کپیسٹی نہیں ہے کہ وہ اتنے لوگوں کے لیے انتظامات کرسکے لہذا ہمیں ان کی جانب سے بھی درخواستیں موصول ہوئیں مگر پورے ملک ہمارے کارکن اسلام آباد آنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں لہذا ہم حکومت کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ کسی بھی قسم کے ایڈونچر سے گریزکرئے.فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ عمران خان بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ میں ہیں جبکہ سینکڑوں کارکنان اس وقت بنی گالا پہنچ چکے ہیں انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی لیڈرشپ میں سے کئی لوگ یہاں موجود ہیں اور ہزاروں لوگ اب ملک کے دوسرے حصوں سے بنی گالا کی طرف رواں دواں ہیں.

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کے آرڈرز جاری ہو چکے ہیں مراد سعید نے ٹوئٹ میں عوام سے کہا تھا کہ اپنی خود داری مانگنے کی جسارت کی قیمت چکانے کا وقت آگیا ہے”نکلو پاکستان کی خاطر“پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ٹوئٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے پارٹی راہنماؤں سمیت پی ٹی آئی ورکز کی بڑی تعداد گزشتہ شب سے ہی بنی گالا پہنچنا شروع ہو گئی تھی.دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنان بنی گالا پہنچیں، ابھی بھی درجنوں کارکن بنی گالا پہنچ چکے ہیں، چند گھنٹوں میں ہزاروں لوگ بنی گالا میں ہوں گے اس حوالے سے ٹوئٹ میں سابق وزیر فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام ڈی ٹائپ پل سمندری روڈ پہچنا شروع کرے، امپورٹڈ حکومت کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے.قبل ازیں چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی ہے. درخواست پی ٹی آئی کے وکلا بابر اعوان اور فیصل چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی اس سے قبل پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی. یاد رہے کہ اتوار کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں مجسٹریٹ علی جاوید کی مدعیت میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا .