پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کب ہو گا؟ شیڈول جاری

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کی 9 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب 25 ستمبر کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔ 9 حلقوں پر ضمنی انتخابات کو پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 10 سے 13 اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔ ضمنی انتخابات این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ،این اے 31 پشاور میں ہوگا۔ ضمنی انتخاب این اے 45 کرم 1 اور این اے 108 فیصل آباد میں بھی ہو گا۔ این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر،این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 246 جنوبی کراچی میں انتخاب ہوگا۔یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے گیارہ اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کئے۔

جن ارکان کے استعفے منظور کئے گئے ان میں علی محمد خان،فضل محمد خان،شوکت علی،فخر زمان خان،فرخ حبیب،اعجاز شاہ،جمیل احمد خان،محمد اکرم چیمہ، اور عبدالشکور شاد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ خواتین ارکان میں شریں مزاری اور شاندانہ گلزار کے استعفے بھی منظور کئے گئے۔ادھر گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی مرحلہ واری منظوری کے خلاف درخواست پر نوٹسز جاری کردئیے۔

عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی،سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کئے ۔ عدالت نے حکم دیا کہ سیکرٹری قومی اسمبلی کے نمائندے متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی۔