واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)جو بائیڈن انتظامیہ نے امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن معاہدے پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سیلیوان کا اپنے افغان ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔جیک سیلیوان نے کہا ہے کہ امریکہ گزشتہ سال طالبان کے ساتھ ہونے والے معاہدے پرنظرثانی کرے گا انہوں نے کہا کہ خاص طور پر
واشنگٹن یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ طالبان ‘دہشت گرد گروہوں سے تعلقات منقطع، افغانستان میں تشدد کو کم کرنے اورافغان حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامقصد مذاکرات میں حصہ لینے کے وعدوں پر عمل پیرا ہیں’۔انہوں نے اپنے بیان میں ‘اس بات پر زور دیا کہ امریکا ایک مضبوط اور علاقائی سفارتی کوششوں سے امن عمل کی حمایت کرے گا، جس کا مقصد دونوں فریقوں کو پائیدار اور انصاف پسندانہ سیاسی تصفیہ اور مستقل جنگ بندی کے حصول میں مدد فراہم کرنا
ہوگا’۔مذکورہ بیان جوبائیڈن کے افغانستان کے بارے میں موقف کے مطابق ہے جنہوں نے کہا تھا کہ وہ افغانستان میں جنگی فوجیوں کی تعداد کو کم کردیں گے لیکن امریکی فوجی موجودگی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔وزیر خارجہ کے لیے نامزد امیدوار انتھونی بلنکن نے اشارہ دیا تھا کہ افغانستان میں تشدد میں اضافے کے نتیجے میں امریکا اپنی کچھ فوجیں برقرار رکھ سکتا ہے