اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پرایک روپیہ بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا ہے،جوقیمتیں بڑھی یا کم ہوئی ہیں، صرف پی ایس او کی خریداری کے مطابق ہوئی ہیں۔وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹویٹ کرتےہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق وضاحت کردی۔مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نیا ٹیکس یا لیوی شامل نہیں ہے۔وزیرخزانہ نے تسلیم کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ان کوایک آسان ہدف بنا لیا گیا ہے اور وہ لوگوں کی جانب سے تنقید کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مخلص ہیں اورانھوں نے ملک کوڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے،اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق کام کررہے ہیں۔وزیرخزانہ نے یہ بھی بتایا کہ ایندھن کی قیمتوں کی سمری اوگرا نے بھیجی،سمری پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزارت خزانہ کو بھجوائی گئی۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزارت خزانہ کو قیمتیں مقرر ہونے سے چند گھنٹے پہلے سمری ملتی ہے اورقیمتوں میں یہ تبدیلی پی ایس او کی لاگت میں اضافے کی عکاس ہے۔وزیرخزانہ نے واضح کردیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر 1 روپیہ بھی نیا ٹیکس نہیں لگایا ہے،جو قیمتیں بڑھی یا کم ہوئی ہیں، صرف پی ایس او کی خریداری کے مطابق ہوئی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اوگرا ان قیمتوں کا تعین فریٹ چارجز، پریمیم اور ایکسچینج ریٹ کی بنیاد پر کرتا ہے اورگزشتہ15 روز کی لاگت نکالی جاتی ہے۔وزیرخزانہ کےمطابق پیٹرول کی قیمت میں اضافہ لاگت بڑھنےکی وجہ سے ہوا ہے۔